گل بہادر گروپ کیخلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں میں 70خارجی ہلاک:عطا تارڑ

اسلام آباد (نامہ نگار) —وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ گل بہادر گروپ کے خلاف گزشتہ شب کیے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تصدیق شدہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق کم از کم 60 سے 70 خارجی اور ان کی قیادت ہلاک کر دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان نے افغان سرحد کے متصل شمالی و جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقوں میں گل بہادر گروپ کے خارجی عناصر کے کیمپوں کو ہدف بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران افغان سرزمین سے آپریٹ کرنیوالے خارجی عناصر نے بار بار سرحد پار دراندازی اور دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کی کوششیں کیں، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد خارجی بھی ہلاک ہوئے، اور شمالی وزیرستان میں گل بہادر گروپ کے خارجی عناصر نے ایک گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ کیا، جس میں متعدد شہری اور ایک فوجی شہید جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

وفاقی وزیر نے شہریوں کو نشانہ بننے کے الزام لگانے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے غلط ہیں اور بعض حلقے ایسے دعووں کے ذریعے افغان سرزمین سے کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے لیے حمایت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے اور افغان حکومت کے کنٹرول سے غیر ریاستی عناصر کیخلاف کارروائیوں کے ذریعے مسئلے کے حل کا خواہاں ہے تاہم علاقائی سالمیت اور عوام کی جانوں کے دفاع کیلئے پاکستان کو بھرپور حق حاصل ہے اور وہ افغان سرزمین سے آپریٹ کرنیوالے دہشت گردوں کو چین سے بیٹھنے کی اجازت نہیں دیگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں