گل پلازا سانحہ، جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہوگئی، سرچ آپریشن جاری

کراچی(ایجنسیاں) ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو، پولیس، ریسکیو ذرائع کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازا کے سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہوگئی ہے جبکہ ملبے تلے دبے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریکوری اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق عمارت میں ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال عارضی طور پر روک دیا گیا ہے کیونکہ اس سے مزید حصے گرنے کا خدشہ ہے، ملبے کے باعث بعض متاثرہ حصوں میں سرچنگ ممکن نہیں۔ حکام کے مطابق 88 لاپتا افراد میں سے 60 افراد کی لاشیں یا باقیات برآمد کی جا چکی ہیں۔

دوسری جانب سانحے کے متاثرین اور لواحقین نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ریسکیو اور تحقیقاتی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اور رینجرز نے خواتین سمیت مظاہرین کو عمارت کے اندر جانے سے روک دیا۔ لواحقین نے اپنے پیاروں کی تلاش تیز کرنے کی اپیل کی۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ مصنوعی پھولوں کی ایک دکان میں بچوں کے کھیلنے کے دوران لگی، ممکنہ طور پر بچے ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، آگ پہلے دکان میں موجود سامان اور بعدازاں بجلی کی تاروں میں پھیل گئی۔ آگ لگتے ہی عمارت میں موجود افراد خارجی راستوں کی طرف بھاگے، تاہم دروازے بند ہونے کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جبکہ چھت کے راستے پر بھی گرل نصب تھی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں عمارت میں نصب سی سی ٹی وی سسٹم بھی مکمل طور پر متاثر ہوگیا۔

تحقیقاتی حکام نے عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات کی روشنی میں واقعے سے متعلق رپورٹ تیار کرلی ہے، جس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔