گل پلازا میں آتشزدگی سے 6 افراد جاں بحق، 58 تاحال لاپتہ ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(نمائندگان)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازا میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 58 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ گل پلازا کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ عمارت بیسمنٹ، گراؤنڈ اور تین منزلوں پر مشتمل تھی اور آگ تیزی سے پھیلی۔

تاجروں کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا تاہم قیمتی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور پوری کوشش ہے کہ لاپتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کیا جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ لوگ اس سانحے پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ 20 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جنہیں طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، واقعے کے وقت وہ کراچی سے باہر تھے تاہم کمشنر، میئر اور ڈپٹی میئر سے مسلسل رابطے میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اب تک ان سے رابطہ نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوشش ہوگی شفاف طریقے سے متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر مناسب اسٹڈی کے کئی منزلہ عمارتوں کی اجازت دی گئی، جب اصلاح کی بات کی جاتی ہے تو بلڈرز ناانصافی کا شکوہ کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازا میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور صوبے بھر میں کمرشل عمارتوں کے فوری فائر سیفٹی آڈٹ کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔