گوادر(نامہ نگار) کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 6 مسافروں کو قتل کردیا ، جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے۔گوادر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں 6 مسافر جاں بحق ہوگئے۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا گزشتہ شب گوادر کوسٹل ہائی وے پر دہشتگردوں کی جانب سے گاڑیاں روک کر مسافروں کی شناخت پریڈ کی گئی اور ناکہ بندی کے دوران فائرنگ کرکے 6 مسافروں کو قتل کیا گیا اور تین مسافروں کو یرغمال بنا کر ساتھ لے گئے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کوسٹل ہائی وے کلمت کے مقام پر گئی حملہ آوروں نے دو باوزرز گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا، سیکورٹی فورسز کا علاقے سرچ آپریشن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر گوادر نے بتایا کہ واقعہ کلمت کےمقام پر پیش آیا اور حملہ آوروں نے گوادر سے کراچی جانے والے مسافروں پر فائرنگ کی تاہم فورسزکی نفری حادثے کی جگہ روانہ کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے جس میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پرفائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

