کراچی (نمائندہ خصوصی) – چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو فوری طور پر پشاور پہنچ کر پشاور ہائیکورٹ کے عدالتی حکم کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کی ہدایت کر دی۔
کراچی میں نجی تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے گورنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو فوری طور پر خیبرپختونخوا پہنچنا چاہیے اور آئینی و قانونی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہدایت کریں گے کہ وہ اپنا طیارہ گورنر کو فراہم کریں تاکہ وہ عدالت کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے پشاور پہنچ سکیں۔
بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے پارٹی چیئرمین کے حکم کے مطابق فوری طور پر پشاور کے لیے پرواز کی تیاری شروع کر دی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا اور آئین کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
گورنر نے مزید کہا کہ میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہوچکا ہے اور وہ آج رات ہر صورت پشاور پہنچ کر اپنا آئینی فرض ادا کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر کے پاس ذاتی طیارہ نہیں ہوتا، اس لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے طیارہ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی قائد عمران خان کی ہدایت پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم گورنر نے اسے تاحال منظور نہیں کیا۔ اسی دوران صوبائی اسمبلی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کیا جس پر اپوزیشن نے الیکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے گورنر کو حکم دیا ہے کہ وہ کل (15 اکتوبر) شام 4 بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں، اور اگر ایسا نہ ہوا تو اسپیکر کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ حلف لیں۔

