گورنر خیبرپختونخوا کل شام 4 بجے تک سہیل آفریدی سے حلف لیں:پشاور ہائیکورٹ

پشاور (نمائندہ خصوصی) – پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا کو حکم دیا ہے کہ وہ کل شام 4 بجے تک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیں۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اگر گورنر نے حلف نہ لیا تو اسپیکر صوبائی اسمبلی کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں۔

عدالت نے یہ فیصلہ نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے دائر درخواست پر سنایا، جس پر پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور گورنر کے وکیل بیرسٹر عامر جاوید نے دلائل پیش کیے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جمہوریت اور قانون کی فتح ہوئی ہے، اور صوبے کو موجودہ حالت جنگ سے نکالنے کے لیے سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا میں نئے دور کا آغاز کریں گے۔

پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے قبل ازیں کہا کہ کوئی بھی حکومت چھیننے کی کوشش کرے تو ہم ہر حد تک جائیں گے اور آئینی و قانونی جنگ لڑیں گے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے قائد عمران خان کی ہدایت پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسے تاحال منظور نہیں کیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کیا تھا، جس پر اپوزیشن نے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔

دریں اثنا، جے یو آئی (ف) نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے خلاف درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔ جسٹس ارشد علی اور جسٹس وقار احمد اس درخواست کی سماعت کریں گے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور نہ ہونے کے سبب نئے وزیراعلیٰ کے لیے الیکشن غیر قانونی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں