گولڈ کوسٹ(اے ایف سی رپورٹس) 2026ء اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کے دوران ایران کی خاتون فٹبالر سارہ دیدار پریس کانفرنس میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔
21 سالہ اسٹرائیکر سارہ دیدار نے کہا کہ ٹیم کو ایران میں موجود اپنے اہلِ خانہ اور عزیزوں کی شدید فکر لاحق ہے اور وہ ایران میں پیش آنے والے حالات پر بہت پریشان اور غمزدہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ایران کے لیے اچھی خبریں آئیں گی اور ملک مضبوطی کے ساتھ قائم رہے گا۔
ایرانی ٹیم کی ہیڈ کوچ مرزیہ جعفری نے کہا کہ کھلاڑی اپنے خاندانوں اور ایران کے عوام کی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش میں ہیں، تاہم پیشہ ورانہ انداز میں میچ پر توجہ مرکوز رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔آسٹریلیا کے کوچ جو مونٹیمورو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اور شائقین ایرانی ٹیم کے ساتھ ہمدردی اور احترام کا مظاہرہ کریں۔
یاد رہے کہ ایران کی ٹیم جنوبی کوریا کے خلاف پہلے میچ سے قبل قومی ترانے کے دوران خاموش کھڑی رہی تھی، جبکہ ایرانی شائقین نے اسٹیڈیم میں قومی پرچم لہرا کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ ٹیم اور مینجمنٹ اسرائیل اور امریکا کے حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی جنگی صورتحال کے باوجود آسٹریلیا پہنچ چکی تھی، تاہم ایران میں بلیک آؤٹ کے باعث کھلاڑیوں کا اہلِ خانہ سے رابطہ محدود ہو گیا ہے۔

