گٹکے اور ناقص سلنڈر جس پر پابندی کا حکم دیتے ہیں،پولیس کا ماہانہ ریٹ بڑھ جاتا ہے: عدالت

سندھ ہائیکورٹ میں مختلف کیسز میں پولیس کی ناقص تفتیش اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے کیسز میں جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیے کہ گٹکے اور ناقص سلنڈر سمیت جس چیز پر پابندی کا حکم دیتے ہیں، اُس پر پولیس کا ماہانہ ریٹ بڑھ جاتا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں مختلف کیسز میں پولیس کی ناقص تفتیش اور ملزمان کی عدم گرفتاری سے متعلق سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم پر ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس مقدمے کے اندراج کے بعد مال مسروقہ کی برآمدگی اور گرفتار ملزمان کی بروقت شناخت پریڈ کا عمل بھی یقینی بنائے۔ مقدمے کے اندراج کے سلسلے میں طے کردہ طریقہ کار پر عملدرآمد نہ کرنے کا فائدہ ملزمان کو ہوتا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے عدالت کو بتایا کے ان کی دو دن قبل تعیناتی ہوئی ہے، مفرور ملزمان کی گرفتاری کےلیے کوششیں کریں گے۔

جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس چیز پر پابندی کا حکم دیتے ہیں اس کا ماہانہ ریٹ بڑھ جاتا ہے۔ گٹکے پر پابندی کا حکم دیا تو اس پر بھی پولیس کا ماہانہ نرخ بڑھ گیا۔ ایل پی جی اور ناقص سلنڈرز پر پابندی کا حکم دیا تو اس پر بھی پولیس کا ماہانہ نرخ بڑھ گیا۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ پولیس صرف غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد سے پیسے کی وصولی میں لگی ہوئی ہے، مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے مفرور قرار دے کر چالان جمع کروادیا جاتا ہے۔

جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیے کہ دس کیسز سامنے پڑے ہیں، اب ان کیسز میں ملوث ملزمان کو چھوڑ دیں یا بےقصور جیل میں رکھیں۔

کراچی پولیس چیف کی عدالت کو پولیس کارکردگی بہتر کرنے، ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش کا معیار مزید بہتر کرنے کی یقین دہانی پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ لکھیں