گھوٹکی(نامہ نگار)گھوٹکی میں گڈو کشمور لنک روڈ پر ڈاکوؤں نے مسافر بس پر حملہ کر کے 10 سے زائد مسافروں کو اغواء کر لیا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ گڈو انٹرچینج اور مرید شاخ کے قریب پیش آیا جہاں مسلح ڈاکوؤں نے بس کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے بس کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے، تاہم اغواء ہونیوالے مسافروں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔ عینی شاہدین کے مطابق 15 سے 20 ڈاکو حملے میں ملوث تھے جو فائرنگ کے بعد کئی مسافروں کو زبردستی اغواء کر کے قریبی گنے کی فصلوں کی جانب لے گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے ناکہ بندی کر کے مغویوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

