گھوٹکی: مسافروں کے اغوا کے بعد پولیس و رینجرز کی کارروائی، 10 مغوی بازیاب

گھوٹکی/سکھر (نامہ نگار)صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مسافروں کے اغوا کے واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی جاری ہے، جس کے دوران اب تک 10 مغوی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔

واقعہ پیر کی شب اوباڑو کے قریب پیش آیا، جہاں صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو مسلح ڈاکوؤں نے روک کر 19 مسافروں کو اغوا کرلیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ نے بتایا کہ اغوا کیے گئے مسافروں میں سے 10 کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی سکھر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے ساری رات آپریشن جاری رکھا اور کچے کی جانب جانے والے تمام راستے بروقت بند کر دیے گئے، جس کے باعث ڈاکو مغویوں کو کچے کے علاقے میں لے جانے میں ناکام رہے۔

پولیس کے مطابق کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کرائے گئے 10 مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں ناکہ بندی بدستور جاری ہے اور ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ اور تعاقب کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈی آئی جی سکھر نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں ایس ایس پی خیرپور، ایس ایس پی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی سمیت سکھر رینج کے پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔