باسٹیئر(نمائندہ خصوصی)ہائی کمشنر آف پاکستان برائے کینیڈا، محمد سلیم نےسینٹ کرسٹوفر (کٹس) و نیوس کی وزارتِ خارجہ کی مستقل سیکرٹری کیئے باس سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سیاسی مشاورت، سفارتی تربیت، اور عالمی فورمز پر تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہائی کمشنر آف پاکستان برائے کینیڈا، محمد سلیم نے آج سینٹ کٹس و نیوس کی وزارتِ خارجہ کی مستقل سیکرٹری کیئے باس سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے مابین باقاعدہ سیاسی مشاورت کے ادارہ جاتی نظام کے قیام اور سفارتکاروں کی تربیت سے متعلق اداروں کے درمیان تعاون کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے اہم ستون قرار دیا گیا۔
سیاسی، اقتصادی ترقی، ثقافت اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ جیسے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون کی اہمیت اور بالخصوص موسمیاتی تبدیلی جیسے مشترکہ عالمی مسائل پر بھی زور دیا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے اسنادِ سفارت کی تقریب کیلئے وزارتِ خارجہ کی جانب سے فراہم کردہ شاندار مہمان نوازی اور عمدہ انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ تھی۔

