ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کو پاکستان اور بھارت کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ

لندن(نمائندہ خصوصی)برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں ہاؤس آف کامنز میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے اراکین سے ملاقات کی اور ان کو پاکستان و بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

ہائی کمشنر نے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے ارکان کو آگاہ کیا کہ بھارت کی فوجی کارروائیاں بے بنیاد جواز کے تحت پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین و اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے سے دستبرداری کا فیصلہ بھی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے ارکان کو بتایا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ پانی کی بندش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے زور دیا کہ بھارت کے جارحانہ اور شدت پسندانہ عزائم خطے میں امن و استحکام کیلئےسنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے برطانیہ اور دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے صورتحال کی تخفیف میں مثبت کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے انتظام پر کاربند ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کی بنیادی وجہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں