ہانگ کانگ( اے ایف پی)ہانگ کانگ میں کام کے دوران دوسری جنگِ عظیم کا 450 کلوگرام وزنی بم برآمد ہوا جس کے بعد حکام نے 6 ہزار رہائشیوں کے انخلا کا منصوبہ بنایا ہے۔ بم کو ہفتہ کی صبح ناکارہ بنایا جائیگا۔
ہانگ کانگ پولیس کے مطابق شہر کے کوئری بے علاقے میں ایک تعمیراتی مقام سے تقریباً 1.5 میٹر لمبا اور 450 کلوگرام وزنی بم دریافت ہوا ہے، جسے پولیس نے اب بھی مکمل طور پر فعال قرار دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ کمانڈر اینڈی چان نے میڈیا کو بتایا کہ بم کو ناکارہ بنانے میں بہت زیادہ خطرات ہیں، اسی لیے ہنگامی بنیادوں پر انخلا کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جمعہ کی رات کو کوئری بے کی 18 رہائشی عمارتوں سے تقریباً 6 ہزار افراد کو منتقل کیا جائے گا۔ بم کو ناکارہ بنانے کا عمل ہفتہ کی صبح شروع کیا جائے گا اور توقع ہے کہ اس میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
تاریخی طور پر ہانگ کانگ دوسری جنگِ عظیم میں جاپانی افواج کا اہم ہدف رہا ہے اور اس دوران جاپانی اور اتحادی افواج کے درمیان شدید لڑائیاں ہوئیں۔ تقریباً ایک صدی بعد بھی تعمیراتی کام یا کوہ پیمائی کے دوران بغیر پھٹے ہوئے بم وقتاً فوقتاً دریافت ہو جاتے ہیں۔
مئی 2018 میں بھی ہانگ کانگ کے وان چائی ضلع میں اسی نوعیت کا بم ملا تھا، جسے ناکارہ بنانے میں تقریباً 20 گھنٹے لگے تھے اور 1200 افراد کو انخلا کرنا پڑا تھا۔ پولیس کے مطابق آج برآمد ہونے والا بم بھی اسی نوعیت کا ہے۔
حکام نے شہریوں کو صبر و تحمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ بم کو مکمل طور پر ناکارہ بنانے کے بعد انہیں گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی جائیگی۔ سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ پورے علاقے کو کلیئر کرنے تک تعینات رہیں گے۔

