ہاکی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کے شیڈول کا اعلان

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائرز کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جو مصر، بھارت اور چلی میں کھیلے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق چلی میں مینز اور ویمنز دونوں کے ایونٹس ہوں گے، بھارت میں صرف ویمنز جبکہ مصر میں صرف مینز کا ایونٹ ہوگا۔ پاکستان ہاکی ٹیم مصر میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شریک ہوگی، جو یکم سے 7 مارچ تک اسماعیلیہ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کے علاوہ مصر، انگلینڈ، ملائیشیا، جاپان، آسٹریا، چین اور امریکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم گروپ بی میں چین، ملائیشیا اور آسٹریا کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ یکم مارچ کو پاکستان ٹیم چین، 2 مارچ کو ملائیشیا اور 4 مارچ کو آسٹریا سے مدمقابل ہوگی۔

مردوں کے دونوں کوالیفائرز سے تین، تین ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئےکوالیفائی کرینگی جبکہ چوتھی پوزیشن کی ٹیم بھی 2026 ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیگی۔ہاکی ورلڈ کپ 2026 اگست میں بیلجئم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں کل 16 ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ میزبان نیدرلینڈز اور بیلجیئم پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔