سائنس فکشن فلم کالکی 2898 AD کے ہدایتکار ناگ ایشون اپنی فلم کی باکس آفس پر کامیابیوں کو سمیٹنے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ فلم کالکی 2898 AD کی دنیا بھر میں ریلیز کے چار روز کے اندر ہی فلم پانچ سو کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی ہے۔
لیکن اس کامیابی کے باوجود ہدایتکار ناگ ایشون فلم انڈسٹری میں اپنے ابتدائی دنوں کو نہیں بھولے۔
ماضی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے انسٹا گرام پر اپنی ایک حالیہ پوسٹ میں اس جدوجہد کا ذکر کیا، اس موقع پر انہوں نے اب تک کے سفر پر اظہار تشکر کے ساتھ اپنی اہلیہ پروڈیوسر پریانکا دت، فلم پروڈیوسر سواپنا دت اور اپنی تصاویر بھی شیئر کیں۔
تصاویر میں تینوں مسکراتے نظر آرہے ہیں۔ کیپشن میں ناگ نے لکھا کہ لگ بھگ دس برس پہلے ہم تینوں نے اپنی ابتدائی فلم یویڈے اکٹھے شروع کی۔
ویاجیانتی (پروڈکشن ہاؤس) اس وقت اتنی معروف نہیں تھی اور فلم کافی رسکی تھی، مجھے یاد ہے کہ ایک دن ہم نے بارش کے دوران بیس ایکسٹراز شوٹ کیے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم کام مکمل نہ کرسکے جس کا مطلب یہ تھا کہ ہمیں اسے دوبارہ کرنا پڑے گا۔ اس کے اضافی اخراجات نے جس کا کوئی اندازہ نہیں تھا ہمیں خدشات میں ڈال دیا تھا لیکن آج اگر یہ دیکھا جائے تو یہ کچھ زیادہ نہیں تھا۔
ناگ ایشون نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ خامیاں بھی ہوں لیکن اس سے بہتری کا عمل جاری رہا۔ آج دس برس بعد جب ہم ایک ساتھ کوئی بھی فلم بناتے ہیں تو وہ نہ صرف باکس آفس پر کامیاب ہوتی ہے بلکہ سنگ میل بھی عبور کرتی ہے۔