بھارت نے سفارتی تنازع بڑھنے کے بعد کینیڈا سے اپنے ہائی کمشنر اور اُن دیگر سفارتکاروں اور اہلکاروں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں کینیڈا نے سکھ علیحدگی پسند ہردیپ نجار کے قتل کی تحقیقات میں شامل کیا ہے۔اِس صورتحال پر بھارتی وزارت خارجہ نے احتجاجاً نئی دہلی میں کینیڈا کے ناظم الامور کو بھی طلب کیا۔بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں موجود بھارتی سفارتکاروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے مودی حکومت کو کینیڈا کی موجودہ حکومت پر بالکل اعتماد نہیں ہے۔
اِس لیے اُن سفارتکاروں کو واپس بُلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارت نے یہ بھی کہا ہے کہ ہردیپ نجار کے قتل کے معاملے میں کینیڈا کے فیصلے پر بھارت جوابی اقدامات کا حق رکھتا ہے۔واضح رہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں گوردوارے کے سامنے 18جون 2023ء کو قتل کردیا گیا تھا۔جسٹن ٹروڈو نے جی20 اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں انڈین ایجنٹس کے ملوث ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارتی ایجنٹ سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں۔