ہماری منزل ڈی چوک، واپس نہیں آئیں گے:علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہماری منزل اسلام آباد ڈی چوک ہے اور ہم واپس نہیں آئیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد روانگی سے قبل پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری منزل ڈی چوک ہے، واپس نہیں آئیں گے۔ جب تک بانی پی ٹی آئی کی ہدایت نہیں آتیں، ہم آگے ہی جائیں گے۔

علی امین نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے سب نے نکلنا ہے۔ ہم ڈی چوک کیلئے نکل رہے ہیں اور سب کو کہتا ہوں کہ وہ ڈی چوک پہنچیں۔وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ ہم آئین بحالی، اس کے تحفظ اور حقیقی آزادی کیلئے کوشش کرتے رہیں گے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور موٹر وے ٹول پلازہ پہنچے جہاں سے ان کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں کا قافلہ راولپنڈی کیلئے روانہ ہوگیا۔اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دے دی جب کہ دو مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر چار شہروں راولپنڈی، اٹک، لاہور اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔

حکومت پنجاب نے راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی، پابندی کا اطلاق جمعہ 4 اکتوبر سے اتوار 6 اکتوبر تک ہوگا جبکہ لاہور میں جمعرات 3 اکتوبر سے منگل 8 اکتوبر تک دفعہ نافذ ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں