پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے بتایا کہ ہم اداکار بھی لنڈا بازار سے خریداری کرتے ہیں اور وہاں سے بہت کمال کی چیزیں ملتی ہیں۔
اسماء عباس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے لنڈا بازار سے خریداری کرنے کے تجربے میں بھی بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہم لنڈا بازار سے بہت خریداری کرتے رہے ہیں وہاں سردیوں میں بہت کمال کی چیزیں ملتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ کچھ عرصے پہلےجب مجھے لندن جانا تھا تو اس وقت لندن میں بہت زیادہ سردی تھی تو ہم لوگ کافی پریشان تھے کہ لندن میں تو کپڑے مہنگے ہوں گے تو پھر میں لنڈا بازار چلی گئی اور وہاں سے 5 سو روپے تک کی قیمت میں بہت سارے ونڈ بریکرز خرید کر لے آئی۔
یہ بات سن کر شو کی میزبان نے ان سے یہ سوال پوچھا کہ لوگ آپ کو لنڈا بازار میں پہچانتے نہیں ہیں؟
اسماء عباس نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لوگ پہچانتے ہیں تو پہچان لیں مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ میں تو وہاں ریڑھی پر ملنے والی کھانے پینے کی چیزیں بھی لے کر کھاتی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ لوگ ہمیں وہاں پہچان لیتے ہیں تو خوش ہوتے ہیں اور ساتھ میں سیلفیاں لیتے ہیں بہت مزہ آتا ہے۔