کراچی (پی سی بی)پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ ویمن لیگ کا بھی آغاز ہو۔ انہوں نے یہ بات کراچی میں قومی ٹیم کے کیمپ کے دوران پریس کانفرنس میں کہی۔قومی ویمنز ٹیم کی کپتان کے مطابق کیمپ میں زیادہ توجہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر دی گئی ہے اور اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑی شامل ہیں تاکہ ورلڈ کپ کی تیاری کی جا سکے۔ نوجوان کرکٹرز کو تجربہ دینا ضروری ہے۔
فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاور ہیٹنگ پر کام کیا گیا ہے اور دو نئے فاسٹ بولرز اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ اسٹرائیک روٹیشن کے ذریعے کھلاڑیوں کی محنت کروائی گئی اور پریشر ہینڈلنگ سکھائی گئی تاکہ مشکل صورتحال کا سامنا کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں فارمیٹ گیم مختلف تھی اور اسکواڈ میں تبدیلی آئی ہے تاکہ ایسی گیم کھیلیں جس سے مخالف ٹیم پر دباؤ بنایا جا سکے۔ فاطمہ ثنا نے کوچ وہاب ریاض کو جارحانہ انداز کا کوچ قرار دیا اور دورہ جنوبی افریقہ میں اچھے نتائج کی امید ظاہر کی۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ہفتے کی صبح جنوبی افریقہ روانہ ہوگی، جہاں تین ٹی 20 اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

