ہنگو :سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 خارجی دہشت گرد ہلاک، ڈی پی او اور ایس ایچ او زخمی

ہنگو، خیبرپختونخوا(نامہ نگار)خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے زرگری شناواری میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران 9 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ ڈی پی او ہنگو خالد خان، دوآبہ کے ایس ایچ او اور ایک سیکیورٹی افسر زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق، ہنگو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زرگری شناواری میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

فائرنگ کے دوران ڈی پی او خالد خان، دوآبہ کے ایس ایچ او اور ایک سیکیورٹی افسر زخمی ہو گئے۔ زخمی افسران کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ڈی پی او خالد خان کا آپریشن سی ایم ایچ کوہاٹ میں کیا جا رہا ہے اور ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق آپریشن تاحال جاری ہے اور علاقے کی مکمل کلیئرنس تک کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مجید مروت خود ڈی پی او کے ہمراہ علاقے میں موجود ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ڈی پی او خالد خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان کی جرأت اور قربانی کو سراہا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا”قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم آخری فتح تک پرعزم ہیں۔”

اسی طرح آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی زخمی افسران سے بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ”قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں