ہوٹل نما 3 منزلہ پرتعیش ہوائی جہاز کا ڈیزائن تیار

ہسپانوی ڈیزائنر آسکر وِنلز نے ایک ہوٹل نما 3 منزلہ جہاز کا تصّور پیش کیا ہے جو بیک وقت 800 افراد کے ساتھ پرواز کر سکتا ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسکر وِنلز کی جانب سے پیش کیے گئے ہوٹل نما جہاز کے ڈیزائن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ جہاز 3 منزلوں پر مشتمل ہے جس میں 6 انجن نصب کیے گئے ہیں جبکہ جہاز کی ناک میں تھیٹر اور کیسینو کے ساتھ ایک پینوریمک ویوئنگ لاؤنج بھی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس جہاز کا نام ’پروگریس ایگل‘ رکھا گیا ہے جس کے پر 315 فٹ چوڑے اور 263 فٹ لمبے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق طیارے کا یہ خیال حقیقت میں ڈھلنے کے بعد ایئر بس A380-800 اور بوئینگ 747 کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

اس طیارے کے ’ون فلائٹ‘ نامی جدید ورژن میں سیٹوں کے بجائے کیبن موجود ہوں گے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس طیارے کے اسٹینڈرڈ ورژن میں 800 مسافر جبکہ اسپیشل ایڈیشن میں 300 مسافر سفر کر سکیں گے۔

طیارے کے جدید ورژن ’ون فلائٹ‘ میں ممکنہ طور مسافروں کو ریسٹورینٹ، اسپا، سنیما اور کیسینو سمیت پر تعیش سہولتیں دے کر سفر کا بہترین تجربہ فراہم کیا جائے گا، جس کا کاک پٹ طیارے کی دوسری منزل پر بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں