لاہور (نمائندہ خصوصی)پنجاب بار کونسل نے وکلا کی ہڑتال کے باوجود کراچی سٹی کورٹ میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کی نمائندگی کرنے پر ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق کا پریکٹس لائسنس معطل کر دیا ہے۔
یہ ہڑتال کراچی بار ایسوسی ایشن کے سابق لائبریرین نصیر محمد کلہوڑو کے مبینہ استحصال کے خلاف کی گئی تھی، جس کے دوران شہر کی عدالتوں میں عدالتی کارروائیاں مکمل طور پر معطل تھیں۔
پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین زبیع اللہ نگری کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق یہ کارروائی کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر اور جنرل سیکریٹری کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے بعد عمل میں لائی گئی۔ خط میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کا حوالہ دیا گیا، جس میں میاں علی اشفاق کو وکلا کی ہڑتال کے باوجود کراچی سٹی کورٹ میں اپنے مؤکل رجب بٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ اشفاق مبینہ طور پر نجی گارڈز یا افراد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جو ہڑتال کی پابندیوں اور پیشہ ورانہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ مزید کہا گیا کہ انہوں نے عدالتی کارروائی کے دوران قانونی برادری کے خلاف بیانات دیے، جنہیں سنگین پیشہ ورانہ بدسلوکی قرار دیا گیا۔
پنجاب بار کونسل کے مطابق ان بیانات کے نتیجے میں وکلا برادری میں تقسیم، تصادم اور کشیدگی پیدا ہوئی، جس سے قانونی برادری کے اتحاد اور وقار کو نقصان پہنچا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ میاں علی اشفاق کا طرزِ عمل اختلاف اور بداعتمادی کو فروغ دینے کا باعث بنا۔
ریکارڈ کے مطابق میاں علی اشفاق 2010 میں پنجاب بار کونسل اور 2012 میں ہائی کورٹ کے وکیل کے طور پر رجسٹرڈ ہوئے تھے۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر ان کا لائسنس فوری طور پر معطل کرنے اور معاملہ قانون کے مطابق مستقل منسوخی کیلئے ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا۔
ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے زبیع اللہ نگری نے کہا کہ پنجاب بار کونسل ایک ضابطہ جاتی ادارہ ہے اور پیشہ ورانہ بدسلوکی کے معاملات میں لائسنس معطل کرنے سے قبل نوٹس جاری کرنا ضروری نہیں ہوتا، کیونکہ ہر اندراج شدہ وکیل ضابطۂ اخلاق سے آگاہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز یوٹیوبر رجب بٹ کو کراچی کی سیشنز کورٹ میں سماعت کے دوران جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جہاں ان کی نمائندگی میاں علی اشفاق کر رہے تھے جبکہ میاں علی اشفاق اس سے قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے فوجی عدالت میں مکمل ہونے والے مقدمے میں بھی بطور وکیل پیش ہوتے رہے ہیں۔

