لاہور (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے 9 مئی کے تین مقدمات میں سنائی گئی سزاؤں کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کر دی ہیں۔
یاسمین راشد کی جانب سے اپیلیں تھانہ شادمان، شیرپاؤ پل اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں دائر کی گئیں۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، اس لیے لاہور ہائی کورٹ حتمی فیصلے تک سزائیں معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے۔
یاد رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو 9 مئی کے مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں۔ 11 اگست کو شاہ محمود قریشی کو دو مقدمات میں بری جبکہ یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیسز کی سماعت کے دوران فیصلہ سنایا تھا۔ راحت بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی بری ہوئے، جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزا دی گئی۔
اسی کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو بھی تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں 5، 5 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

