یاسمین راشد کی نواز شریف کی کامیابی کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی انتخابی کامیابی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔حالیہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹریبونل نے ان کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کی اور حقائق و قانون کا درست جائزہ نہیں لیا۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ فارم 45 میں مبینہ تبدیلیاں آئین میں درج شفاف انتخابات کے تقاضوں کے منافی ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق حتمی نتائج مرتب کرتے وقت امیدواروں کو نوٹس جاری کرنا قانونی تقاضا تھا، تاہم متعلقہ مرحلے پر انہیں کوئی نوٹس فراہم نہیں کیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور عدالت انہیں کامیاب امیدوار قرار دے۔