یورپین یونین نے اسرائیلی اسمبلی (کنیسٹ) کی جانب سے فلسطینیوں کیلئے انکی ریاست کے قیام کے خلاف قرارداد کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے یاد دلایا ہے کہ دو ریاستی حل ہی امن کا ضامن ہے۔
اس حوالے سے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ ‘یورپی یونین فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت میں 18 جولائی کو کنیسٹ کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد کی مذمت کرتی ہے، چاہے وہ اسرائیل کے ساتھ مذاکراتی تصفیہ کا حصہ ہی کیوں نہ ہو’۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں ایک مضبوط اتفاق رائے ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن اور سلامتی کا واحد پائیدار حل دو ریاستی حل ہے۔ یورپی یونین دو ریاستی حل کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، 2735، 2728، 2720 اور 2712 سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرپا اور پائیدار امن کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے کہا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو تحفظ، وقار اور امن کے ساتھ رہنے کا مساوی حق حاصل ہے۔ اپنی دیرینہ مشترکہ پوزیشن اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق، یورپ 1967 کی سرحدوں میں تبدیلیوں کو تسلیم نہیں کرے گا جب تک کہ فریقین متفق نہ ہوں۔
انہوں نےکہا کہ ہم اس مقصد کے حصول تک، سیاسی عمل کو بحال کرنے کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ فعال طور پر کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی ریاست کا ایک قابل اعتبار راستہ اس سیاسی عمل کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کے لیے کوئی امید اور کسی افق کا نہ ہونا، اس تنازعے کو مزید گہرا کرے گا۔