رحیم یار خان(بیورورپورٹ)آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے یوسف رضا گیلانی کو وزیراعظم اور مخدوم کو گورنر بنایا، ہم سرائیکیوں کی عزت کرتے ہیں اور میری مادری زبان سرائیکی ہے۔
رحیم یار خان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ بی بی جیسی سوچ رکھنے والا لیڈر نظر نہیں آتا، انہوں نے بھٹو سے اور ہم نے بی بی سے سیاست سیکھی۔ دوست ممالک نے بینظیر بھٹو کو پاکستان واپسی سے منع کیا تھا، مگر انہوں نے کہا کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا ہے، پاکستان ضرور جاؤں گی۔
صدر زرداری نے کہا کہ بی بی کے نصیب میں شہادت تھی، انہیں گمان نہیں تھا کہ ایسا ہوگا۔ جب وہ گاڑی میں بیٹھیں تو میں نے کہا کہ جانے کی ضرورت نہیں، مگر وہ نہ ڈرنے والی بھٹو کی بیٹی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ٹوٹنے نہیں دیں گے، ابھی ڈیڑھ سال ہی ہوا ہے، جیل مردوں کی طرح کاٹو، عورتوں کی طرح کیوں روتے ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ میری بہن کو رات کو گرفتار کیا گیا، اس وقت کسی کو یاد نہیں آیا، جبکہ بینظیر بھٹو کو پانچ سال سکھر جیل میں قید رکھا گیا۔صدر مملکت نے کہا کہ جتنا آپ جھکیں گے اتنی عزت ملے گی، میں نے پیدا ہونے کے بعد اذان کے ساتھ گولیوں کی آواز سنی، ہمیں ان باتوں سے نہ ڈرایا جائے۔

