لاس اینجلس(بیورورپورٹ) 23 مارچ 2025 کو یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستان ہاؤس لاس اینجلس میں پاکستانی پرچم بلند کرنامیرے لئے عظیم اعزاز اور فخر کی بات ہے.ان خیالات کااظہارامریکہ کے شہرلاس اینجلس میں پاکستانی قونصل جنرل عاصم علی خان نے یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا.

عاصم علی خان کا کہناتھا کہ یہ تاریخی دن ہمیں 23 مارچ 1940 کی تاریخی قراردادِ لاہور کی یاد دلاتا ہے.جس نے ایک آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی.ایک ایسا خواب جو ہمارے بانیوں اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کی قربانیوں، لگن اور غیر متزلزل عزم سے حقیقت بنا۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ اس جذبے کوہمیشہ زندہ رکھیں گے اور پاکستان کو دنیا کی عظیم ترین قوموں میں شامل کریں گے۔

عاصم علی خان نے مزید کہا میں آرٹیژیا اور ٹورینس کے معزز میئرز اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ممتاز افراد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، لاس اینجلس کے زیرِ اہتمام اس سرکاری پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ ان کی موجودگی اور حمایت ہماری برادریوں کے درمیان مضبوط تعلقات اور مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا یومِ پاکستان غور و فکر اور تجدیدِ عہد کا دن ہے.یہ لمحہ ہے کہ ہم اپنی عظیم قوم سے محبت، حمایت اور وابستگی کا اعادہ کریں۔ یہ دن ہماری یکجہتی کی قوت، ہماری ثقافتی وراثت کی وسعت، اور پاکستان کے روشن مستقبل کی یاد دلاتا ہے۔
تقریب کے اختتام میں انہوں نے کہاآئیے اس دن کو فخر اور عزم کے ساتھ منائیں اور امن، ترقی اور خوشحالی کے ان اصولوں کو اپنائیں جو پاکستان کی پہچان ہیں۔ اللہ ہمارے پیارے وطن کو دنیا میں سرفراز رکھے!
پاکستان زندہ باد!

