یونان(نامہ نگار) شہر منولادا میں تارکینِ وطن زمیندارا کام کرنے والے محنت کش مزدوروں کےگھروں میں آگ لگ گئی۔ یونانی شہر منولادا اسٹابری کی پیداوار میں مشہور ہے جہاں پاکستانی، بنگلہ دیشی اور نیپالی تارکینِ وطن کام کرتے ہیں۔
یونان کے علاقے منولادا میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جہاں ایک ہزار سے زائد مختلف ممالک کے تارکینِ وطن محنت کش مزدور کام کرتے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آج تقریباً 12:00 بجے زمیندارا کام سے منسلک تارکینِ وطن کے کیمپوں میں اچانک گیس سلینڈر پھٹ جانے کیوجہ سے آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے کیمپ کو لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگ جانے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تقریباً 50 کے قریب اسٹابری فارمز جل گئے۔
تقریباً 12 کے قریب مزدوروں کے کمرے جل گئے جن میں ان کا ذاتی سامان، اہم دستاویزات، پاسپورٹس، رہائشی اجازت نامے، اسائلم کارڈز اور ہوائی سفر کے ٹکٹس بھی جل کر راکھ ہو گئے۔
منولادا کے اس کیمپ میں رہائش پذیر مہاجرین کا تعلق بنگلہ دیش، نیپال اور پاکستان سے ہے جو کہ کھلی زمین پر کھیتوں پر غیرقانونی طورپررہتے ہیں جو کہ اب جھونپڑے جل جانے کے بعد بھوکے پیاسے، بے گھر ہو کر بے یارومددگار کھلے آسمان کے نیچے پڑے ہیں اور مدد کے منتظر ہیں۔
منولادا یونان میں اسٹابری کی بڑی پیداوار کیلئے اہم سمجھا جاتا ہے مگر وہاں مالکان مزدوروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہیں اجرت کم ہونے کی وجہ سے یہ مزدور مکان کرائے پر نہیں لے سکتے اور حکومت بھی سب کچھ جانتے ہوئے اس معاملے میں بےبس دکھائی دیتی ہے جو کہ یورپ جیسے ایک ترقی یافتہ ملک پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
آگ بجھانے کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ اس امدادی اپریشن میں15 فائر فائٹرز اور 7 فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے حصہ لیا۔ جب کہ کسی بھی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔