یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیرِ اعظم ریلیف پیکیج کی مدت ختم ہو گئی جس کے بعد نئے پیکیج کے اطلاق تک موجودہ وزیرِ اعظم ریلیف پیکیج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں اعلان کردہ وزیرِ اعظم ریلیف پیکیج کا اطلاق آج سے نہ ہو سکا، جب تک نئے پیکیج کا اطلاق نہیں ہوتا، موجودہ وزیرِ اعظم ریلیف پیکیج جاری رکھا جائے گا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئے پیکیج کے لیے ای سی سی اور وفاقی کابینہ کو سمری بھیجی جائے گی۔
وزیرِ اعظم پیکیج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء چینی، گھی، آٹا، چاول اور دالوں پر بی آئی ایس پی صارفین کو سبسڈی دی جا رہی ہے۔
بجٹ میں یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیرِ اعظم اور رمضان پیکیج کے لیے 65 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
رمضان پیکیج کے لیے 10 ارب روپے، وزیرِ اعظم ریلیف پیکیج کے لیے 55 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مالی سال 24-2023ء کے لیے وزیرِ اعظم پیکیج کے تحت 35 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔