یوٹیلیٹی اسٹورز پر ریلیف ، وزیرِ اعظم کا نیا پیکیج منظوری کے لیے ای سی سی کو بھجوا دیا گیا

یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیرِ اعظم کا نیا پیکیج منظوری کے لیے ای سی سی کو بھجوا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اطلاق ای سی سی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہو گا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیرِ اعظم کے نئے پیکیج کا اطلاق یکم اگست سے کرنے کی تجویز ہے۔

وزیرِ اعظم کے نئے پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں، چاول پر سبسڈی میں300 فیصد اضافے اور آٹے پر سبسڈی کا موجودہ ماڈل برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی دی جا رہی ہے، چینی، گھی، آٹا، چاول، دالوں پر بی آئی ایس پی صارفین کو سبسڈی دی جا رہی ہے۔

بجٹ میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیرِ اعظم اور رمضان پیکیج کے لیے 65 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم ریلیف پیکیج کے لیے رواں مالی سال 55 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال وزیرِ اعظم پیکیج کے تحت 35 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں