اسلام آباد(نمائندہ خصوصی، عرب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان جمعہ کی دوپہر ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کے استقبال کیلئےپاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے طیارے کو فضائی حصار میں لے کر سلامی دی۔
نور خان ائیر بیس پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر یو اے ای کو 21 توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے طویل المدتی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کو مزید فروغ دے گا۔
صدر یو اے ای اعلیٰ شخصیات سمیت صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ واضح رہے کہ دورے کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ کورٹس بھی بند رہیں گی۔
اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے سیکیورٹی کے پیش نظر روٹس میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق پاکستان متحدہ عرب امارات کو قریبی معاشی اور علاقائی اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے، اور امارات اسلام آباد کا چین اور امریکا کے بعد تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
دونوں ممالک نے حال ہی میں اربوں ڈالر کے معاہدے کیے ہیں، جن میں ریلوے، اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر کے شعبے شامل ہیں، جن پر جنوری 2024 میں دستخط کیے گئے تھے۔

