یو اے ای کے صدر کی ملک بھر میں نمازِ استسقاء کی ادائیگی کی ہدایت

ابوظہبی (بیورورپورٹ)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کی تمام مساجد میں بارش کیلئے نمازِ استسقاء جمعہ 17 اکتوبر کو جمعہ کی نماز سے آدھا گھنٹہ قبل ادا کی جائے۔

یہ ہدایت نبی کریم ﷺ کی سنت کے مطابق دی گئی ہے، جس میں لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بارش، رحمت اور خیر و برکت کیلئےعاجزی سے دعا کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

اسلامی امور و اوقاف کے محکمے نے اعلان کیا ہے کہ نمازِ استسقاء دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر ان تمام مساجد میں ادا کی جائے گی جہاں جمعہ کی نماز پڑھی جاتی ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 12 اکتوبر کو ملک کے صحرائی علاقوں میں اونٹوں اور گدھوں کے بارش سے لطف اندوز ہونے کے مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ وادیاں پانی سے بھر گئیں۔

10 اکتوبر سے ملک میں غیر مستحکم موسمی حالات دیکھنے میں آ رہے ہیں، جو 14 اکتوبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) کے مطابق یو اے ای جنوبی سمت سے آنے والے سطحی کم دباؤ کے نظام اور فضا کی بلندیوں پر موجود ٹھنڈی و مرطوب ہوا کے زیرِ اثر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں