یہ تحریک نیا رنگ دکھائے گی، پورے ملک میں مکمل پہیہ جام کریں گے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کے فیصلے کا انتظار ہے ورنہ یہ تحریک نیا رنگ دکھائے گی، پورے ملک میں مکمل پہیہ جام کریں گے۔

راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتی اراکین ہمارے ساتھ بیٹھتے ہیں تو مطالبات سے اتفاق کرتے ہیں، میڈیا کے سامنے جاتے ہیں تو کہتے ہیں مطالبات درست ہیں لیکن ہو نہیں سکتا، حکومت جتنا وقت لینا چاہتی ہے لے لے ہم یہاں موجود ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سمدھی، بھتیجی، چاچا سب سن لیں ہم یہاں سے جانے والے نہیں، کراچی میں دھرنا شروع ہونے والا ہے، ہم نے امن اور نئے سیاسی کلچر کی خاطر فیصلہ کیا ہے، آج 7ویں روز ہم پوری قوت کے ساتھ مری روڈ پر موجود ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں دھرنے کی حمایت نہیں کریں گی تو عوام ان سے حساب لیں گے، مطالبات منظور نہ کیے تو ہم نے مارچ کا فیصلہ کرنا ہے، شہباز اور زرداری صاحب! پاک ایران گیس پائپ لائن پر کیوں کام نہیں ہو رہا ہے، کیا امریکہ کہتا ہے ایران سے گیس نہیں لینی؟

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے اسرائیل کی مذمت کا خیر مقدم کرتے ہیں، اسرائیل نے جنگی جرائم، خواتین اور بچوں کا قتل عام کیا ہے، اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر پوری دنیا سوگوار ہے، امریکہ اور اسرائیل کا غرور حماس نے خاک میں ملا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں