’یہ پاکستانی فٹبال کا چہرہ ہیں‘ — لیلیٰ بنارس سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز

کراچی ( نمائندہ خصوصی)پاکستانی ویمنز فٹبال ٹیم کی حالیہ فتوحات کے بعد 20 سالہ مڈفیلڈر لیلیٰ بنارس سوشل میڈیا پر ستارے کی طرح چمکنے لگی ہیں۔ صارفین انہیں دنیائے فٹبال کے عظیم مڈفیلڈرز سے تشبیہ دے رہے ہیں اور پاکستان کیلئے نئی امید قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان کی خواتین فٹبال ٹیم نے حالیہ دنوں میں اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں انڈونیشیا اور کرغزستان کے خلاف شاندار فتوحات حاصل کیں، جس کے بعد برطانوی نژاد پاکستانی فٹبالر لیلیٰ بنارس کی کارکردگی نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

لیلیٰ بنارس، جو آٹھ سال کی عمر سے برمنگھم سٹی فٹبال کلب سے وابستہ ہیں، انگلش فٹبال میں سینئر سطح پر کھیلنے والی چند جنوبی ایشیائی خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں برمنگھم سٹی کی جانب سے انڈر-21 ٹیم کیلئےکھیلتے ہوئے سیزن کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

انڈونیشیا کے خلاف میچ میں لیلیٰ کی شاندار اسسٹ سے نادیہ خان نے افتتاحی گول اسکور کیا جس نے نہ صرف پاکستان کو فتح دلائی بلکہ لیلیٰ کو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بنا دیا۔

فٹبال شائقین اور صارفین نے انہیں بارسلونا کی مایہ ناز مڈفیلڈر اور دو بار بیلون ڈی اور جیتنے والی آئتینا بونمیتی کے ہم پلہ قرار دیا۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے ٹونی کروز، آندریا پیرلو، کیون ڈی برونائے اور انیئستا جیسے عظیم مڈفیلڈرز کو نہیں دیکھا تو وہ لیلیٰ بنارس کا کھیل دیکھ کر وہی مہارت محسوس کر سکتے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا“ہم نے پاکستان کے مرد فٹبالرز کو بھی اتنا اچھا کھیلتے نہیں دیکھا، لیلیٰ کو پاکستان فٹبال کا چہرہ بنانا چاہیے۔”اس وقت پاکستانی خواتین ٹیم اپنے گروپ میں چوتھی پوزیشن پر ہے، جہاں ان کا مقابلہ انڈونیشیا، کرغزستان اور چائنیز تائپے جیسی ٹیموں سے ہے۔ پاکستان نے 2 جولائی کو انڈونیشیا کو 0-2 اور 5 جولائی کو کرغزستان کو 1-2 سے شکست دی۔

لیلیٰ بنارس کی ڈربلنگ، گیند پر کنٹرول اور کھیل پڑھنے کی صلاحیت نے انہیں پاکستانی خواتین فٹبال کی نئی پہچان بنا دیا ہے۔لیلیٰ بنارس کی غیرمعمولی کارکردگی اور سوشل میڈیا پر مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں خواتین فٹبال کا مستقبل تابناک ہے۔ لیلیٰ نہ صرف ایک بہترین مڈفیلڈر ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت بننے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں