100ویں سالگرہ منانے والے مہاتیر محمد ’تھکن‘ کے باعث اسپتال داخل

کوالالمپور( نمائندہ خصوصی)ملائیشیا کے سابق وزیراعظم اور معروف عالمی رہنما مہاتیر محمد کو تھکن کی شکایت کے باعث اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ وہ حالیہ دنوں اپنی 100ویں سالگرہ کی تقریبات میں شریک تھے، جن کے دوران وہ اچانک تقریب چھوڑ کر روانہ ہو گئے تھے۔

دل کے مریض اور ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو تھکن کے باعث نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ، کوالالمپور میں داخل کیا گیا ہے، جہاں وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے اور امکان ہے کہ وہ آج شام تک گھر واپس آ جائیں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، 100 سالہ مہاتیر محمد کو گزشتہ اتوار کو طبیعت کی خرابی کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔ ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ تھکن کی شکایت کے باعث نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں زیر علاج ہیں اور آرام کر رہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مہاتیر محمد کی حالت مستحکم ہے اور توقع ہے کہ وہ جلد ہی روبہ صحت ہو کر گھر واپس لوٹ آئیں گے۔

مہاتیر محمد نے چند روز قبل اپنی 100ویں سالگرہ نہایت سادگی سے منائی تھی۔ سالگرہ کی تقریب میں ان کی اہلیہ تون ڈاکٹر حسمہ محمد علی کی 99ویں سالگرہ بھی منائی گئی۔ مہاتیر محمد اس تقریب میں خود گاڑی چلا کر پہنچے تھے اور ایک گھنٹے تک سائیکل بھی چلائی، تاہم بعد ازاں تھکن کے آثار ظاہر ہونے پر تقریب مختصر کر دی گئی۔

مہاتیر محمد کو دل کی بیماری لاحق ہے اور وہ پہلے بھی بائی پاس سرجری سے گزر چکے ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر 2024 میں انہیں سانس کی نالی میں انفیکشن کے باعث بھی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مہاتیر محمد 1981 سے 2003 تک مسلسل 22 برس تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے۔ بعد ازاں 2018 میں انہوں نے ایک بار پھر اپوزیشن اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے حیران کن طور پر حکومت حاصل کی، تاہم ان کی دوسری مدت اقتدار صرف دو سال سے بھی کم عرصے میں اندرونی اختلافات کی نذر ہو گئی۔

ملائیشیا میں انہیں ترقی، معاشی اصلاحات اور قوم پرستی کے فروغ کے لیے ایک بڑے معمار کی حیثیت حاصل ہے، اور وہ تاحال عوام میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں