11 اپریل تک روسی تیل سے پابندیاں اٹھائی ہیں: امریکی وزیرِ خزانہ

واشنگٹن (ایجنسیاں) امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ کا کہنا ہے کہ امریکا نے 11 اپریل تک روس کے تیل پر عائد پابندیوں میں چھوٹ دے دی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ بیسینٹ نے ایک بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے اس اقدام سے روس کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، تاہم یہ رعایت صرف محدود مدت کیلئے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی تیل پر پابندیوں میں یہ نرمی عارضی ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی توانائی حامی پالیسیوں کے باعث امریکا میں تیل اور گیس کی پیداوار ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔دوسری جانب ایک امریکی ادارے کے مطابق روسی تیل کی سپلائی گزشتہ ہفتے 16 لاکھ بیرل اضافے کے بعد تقریباً 2 اعشاریہ 17 کروڑ بیرل تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق چین نے روس سے 1 اعشاریہ 24 کروڑ بیرل تیل خریدا جبکہ بھارت کی خریداری 2 لاکھ بیرل اضافے کے بعد 86 لاکھ بیرل تک پہنچ گئی ہے۔امریکی چھوٹ کے بعد بھارتی ساحلوں پر تقریباً 3 کروڑ بیرل روسی تیل پہنچ چکا ہے جبکہ بھارت آئندہ ہفتے مزید 50 لاکھ بیرل روسی تیل وصول کرنے والا ہے۔علاوہ ازیں ترکیہ کی بندرگاہوں پر روسی تیل کی ترسیل 7 لاکھ بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔