اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 17 سے 25 مارچ تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور گرد و نواح میں بھی بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 23 مارچ تک آندھی، تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہیں۔ سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں بھی کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی اداروں کو موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

