190 ملین پاؤنڈز کیس بند کرنے کے نیب فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

بانی پاکستان تحریک انصاف کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس بند کرنے کے نیب کے فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست پیر کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کےلیے مقرر کر دی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار سماعت کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست پر حتمی فیصلے تک 190 ملین پاؤنڈز کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا تھا کہ نیب کی 343ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
درخواست میں کہا گیا ہے اپریل 2020 کی نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تفتیشی افسر نے جرح کے دوران نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ سے متعلق کچھ باتوں کا اعتراف کیا، ضروری ہے کہ نیب کی اس میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کے سامنے رکھا جائے۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت کا 12 اگست کا درخواست مسترد کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے، نیب بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ میں پیش نہ کیا گیا تو بانی پی ٹی آئی کو اپنے دفاع میں بھاری نقصان ہوگا۔درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب، پراسیکیوٹر جنرل کو فریق بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں