اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی پیرول پر رہائی کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کیلئےمقرر کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کرینگے۔علی امین گنڈاپور کی جانب سے دائر درخواست پر متعدد اعتراضات عائد کر رکھے ہیں۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا ہے کہ پیرول پر رہائی کی درخواست متاثرہ شخص کی جانب سے خود دائر نہیں کی گئی کسی دوسرے شخص کیلئے ایسا ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے؟
رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے کہ جس شخص کی پیرول پر رہائی مانگی جا رہی ہے اسے درخواست میں فریق ہی نہیں بنایا گیا، نیب کیس میں سزا یافتہ مجرم کی پیرول پر رہائی کی درخواست میں نیب کو فریق ہی نہیں بنایا گیا۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا ہے کہ درخواست میں بنائے گئے فریقین کا بھی مکمل ایڈریس درج نہیں۔رجسٹرار آفس نے درخواست گزاروں کو اعتراضات دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔عدالت کی جانب سے درخواست کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کیلئےمقرر کر دیا گیا۔

