2 سیکنڈ میں 700 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار، چینی میگ لیو ٹرین کا نیا عالمی ریکارڈ

بیجنگ(ایجنسیاں)چین نے جدید ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجی میں ایک اور بڑی پیش رفت کرتے ہوئے دنیا کی تیز ترین میگنیٹک لیویٹیشن (میگ لیو) ٹرین کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس جدید ٹرین نے محض دو سیکنڈ میں 700 کلو میٹر فی گھنٹہ کی غیر معمولی رفتار حاصل کر لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ کامیاب تجربہ چین کی نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس ٹیکنالوجی کے محققین نے انجام دیا، جہاں تقریباً ایک ہزار کلوگرام وزن رکھنے والی ٹرین کو 400 میٹر طویل میگ لیو ٹریک پر آزمایا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران ٹرین نے انتہائی تیزی سے رفتار حاصل کی اور بعد ازاں محفوظ انداز میں خود کو روک لیا۔

ماہرین کے مطابق یہ دنیا کی تیز ترین سپر کنڈکٹنگ الیکٹرک میگ لیو ٹرین ہے، جو سپر کنڈکٹنگ میگنیٹس کی مدد سے پٹری سے اوپر معلق رہتی ہے، جس کے باعث رگڑ ختم اور رفتار میں غیر معمولی اضافہ ممکن ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس نوعیت کی الیکٹرو میگنیٹک ایکسیلیریشن ٹیکنالوجی مستقبل میں شہروں کے درمیان طویل فاصلے چند منٹوں میں طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہی ٹیکنالوجی راکٹ لانچ کرنے کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں اسی ٹریک پر کیے گئے ایک تجربے میں ٹرین نے 648 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی، جبکہ اس منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم گزشتہ دس برسوں سے اس ٹیکنالوجی پر تحقیق کر رہی ہے۔