بھارتی شہر ممبئی کے مضافات میں ایک 20 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے بوائے فرینڈ نے چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا اور لاش ریلوے اسٹیشن کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ناوی ممبئی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) وویک پنسرے نے بتایا کہ پولیس کو رات 2 بجے کے قریب کال موصول ہوئی کہ ایک لڑکی کی لاش یوران ریلوے اسٹیشن کے قریب جھاڑیوں سے ملی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاش پر متعدد زخموں کے نشانات اور چھریوں کے وار موجود تھے جو اس جانب اشارہ کر رہے تھے کہ متوفی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔
مقتولہ کی شناخت 20 سالہ یشاشری شندے کے نام سے ہوئی ہے جو کئی روز سے لاپتہ تھی، وہ یوران کی رہائشی تھی اور بیلاپور میں کام کرتی تھی جو اسکے گھر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دونوں کے افیئر کے دوران معاملات خراب ہوئے جس کے بعد لڑکے نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
حکام کے مطابق لڑکی کا بوائےفرینڈ بھی لڑکی کے ساتھ ہی لاپتہ ہوگیا تھا، تاہم لڑکی کی لاش مل گئی لیکن لڑکا تاحال فرار ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ لڑکے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسے تلاش کرنے کےلیے پولیس کی 5 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔