اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بیورو آف امیگریشن نے سال 2025ء میں بیرون ملک ملازمت کیلئے جانے والے پاکستانیوں کے اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق رواں سال 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کے حصول کیلئےبیرون ملک گئے، جبکہ سال 2024ء میں یہ تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 381 تھی۔
دستاویزات کے مطابق سال 2025ء میں 5 ہزار 659 اکاؤنٹنٹ اور 10 ہزار 503 باورچی ملک سے باہر گئے۔ اسی طرح 3 ہزار 795 ڈاکٹر، 5 ہزار 946 انجینئرز، 1 ہزار 640 نرسز اور 1 ہزار 725 اساتذہ نے بھی بیرون ملک ملازمت اختیار کی۔بیورو آف امیگریشن کے مطابق رواں سال 1 لاکھ 63 ہزار 718 ڈرائیور، 6 ہزار 475 الیکٹریشنز، 4 لاکھ 65 ہزار 138 مزدور اور 5 ہزار 700 مستری بیرون ملک گئے۔
اعدادوشمار کے مطابق 12 ہزار 703 ٹیکنیشنز، 11 ہزار 777 منیجرز، 2 ہزار 306 پلمبرز، 2 ہزار 27 ویٹرز، 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ، 13 ہزار 657 انتہائی ہنر مند، 2 لاکھ 22 ہزار 171 ہنر مند، 42 ہزار 257 نیم ہنر مند اور 4 لاکھ 66 ہزار 62 غیر ہنر مند پاکستانی بیرون ملک روزگار کے لیے گئے۔
دستاویزات کے مطابق 5 لاکھ 30 ہزار 256 پاکستانی سعودی عرب، 52 ہزار 664 متحدہ عرب امارات، 68 ہزار 376 قطر، 37 ہزار 726 بحرین، 6 ہزار 590 کویت گئے، جبکہ جنوبی کوریا 39، امریکا 1 ہزار 5 اور برطانیہ 4 ہزار 355 پاکستانی ملازمت کے لیے گئے۔مزید بتایا گیا ہے کہ 984 افراد جرمنی، 813 اٹلی، 2 ہزار 230 چین، 2 ہزار 210 جاپان اور 1 ہزار 109 پاکستانی رومانیہ ملازمت کے لیے روانہ ہوئے۔

