درجنوں تارکینِ وطن کے ڈوب جانے کے بعد بھی موت کی ڈنکی کا سلسلہ نہ رک سکا۔ یونانی جزیرہ کریتی، غاودوس پر لیبیا سے غیر قانونی طور پر تارکینِ وطن کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد یونان پہنچ گئی۔
تارکینِ وطن کی دو کشتیاں سال 2025 کے آغاز میں یونان پہنچ گئیں ہیں جن پر سوار غیر قانونی تارکینِ وطن کو حکام نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔حراست میں لئے گئے افراد کے مطابق یہ 36 افراد ہیں جن میں 3 سوڈانی شہری، 23 پاکستانی، 9 بنگلہ دیشی اور ایک مصری ہے۔ یہ سب بالغ ہیں اور ان کا آغاز لیبیا کے شہر توبروک کی بندرگاہ سے ہوا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ دوسری کشتی یونان کریتی کے غاودوس جزیرے پہنچی ہے، اس سے پہلے ایک کشتی 74 غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے کر غاودوس کی کاراوے بندر گاہ پر پہنچی تھی۔
یونان حکام نے 22، 20، 21 اور 21 سال کی عمر کے چار نوجوانوں کو ان کے مبینہ اسمگلروں کے طور پر گرفتار کر لیا ہے اور ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے بقیہ تارکینِ وطن کو غیر قانونی طور پر پیسے کے عوض لیبیا کے شہر تبروک سے یونان منتقل کیا ہے.