چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرعامر ضیاء نے اویس لغاری اور متعلقہ حکام کو اعتماد میں لے لیا
بورڈ اجلاس میں ممبران کی کردار کشی اورپراپیگنڈہ مہم پر ذمے داران کے خلاف کارروائی پر اتفاق
وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق لیسکوکے فرسودہ نظام کو جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ
لاہور:چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو شاہد حیدر کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے لیسکو چیف کی تقرری کے حوالہ سے آئندہ 24 گھنٹوں میں بڑا سر پرائز ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں نئے سی ای او کی تقرری کیلئے مشاورت مکمل کرلی گئی جس کے بعد چیئرمین عامر ضیاء نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سمیت دیگر متعلقہ حکام کوتقرری کے حوالہ سے اعتماد میں لیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ممبران کی میڈیا میں کردار کشی اور ان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا بھی سخت نوٹس لیا گیااور اس پراپیگنڈہ مہم میں شریک لیسکو حکام سمیت دیگر ذمے داران کا تعین کرکے محکمانہ کارروائی پر بھی اصولی اتفاق کیا گیا جس سے نہ صرف ممبران بلکہ ادارے کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حالیہ اعلان نے ملک بھر کے پاور سیکٹر میں نئی روح پھونک دی ہے اور لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز نے بھی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے فرسودہ انتظامی و آپریشنل نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لیسکو سمیت بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیاں اربوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود کسی بلدیاتی ادارے کا منظر پیش کرتی ہیں جس کی وجہ نان کوالیفائیڈ ہیومن ریسورس اور اہم پوسٹوں پر غیر متعلقہ افراد کی تعیناتی ہے جبکہ متعدد لوگ بیس بیس سال سے لیسکو کو جونکوں کی طرح چمٹے حکام کی آشیر باد کی وجہ سے اپنے کام سے ہٹ کر تین تین چار چار پوسٹوں پر کام کرکے نہ صرف دوسرے ملازمین کا حق مار رہے ہیں بلکہ اضافی پوسٹوں کے چارج سے اپنی جیبیں بھی گرم کرنے میں مصروف ہیں۔اس تمام تر صورتحال کے باوجود ہیومن ریسورس اور ایڈمن ڈیپارٹمنٹ کے ذمے داران چین کی بانسری بجارہے تھے تاہم اب ان کے دن گنے جاچکے ہیں اور نئے چیف ایگزیکٹو کی تقرری کے ساتھ ہی خالی پوسٹوں پر کوالیفائیڈ افسران کی تقرری کردی جائے گی۔ شاہد حیدر کے دور میں موجودہ بورڈآف ڈائریکٹرز کی تقرری کے بعد لیسکو ہیڈ آفس میں ملازمین کیلئے ڈریس کوڈ متعارف کرانا پڑا جس پر چند روز ہی عملدرآمد ہوسکا اوربعدازاں وہی چال بے ڈھنگی کے مصداق ملازمین بے ڈھنگے لباس میں گھومتے نظر آتے ہیں۔لیسکو چیف ایگزیکٹو کی پوسٹ کیلئے موضوع شخصیت کی تلاش کے باعث ہونے والی تاخیر کو بنیاد بناکر ملک کے بہترین پروفیشنلز پر مشتمل لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں لیسکو کے چند اعلٰی حکام کا ہاتھ بھی خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا جس پر بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں سخت ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے اور مستقبل میں ایسی صورتحال کے تدارک کیلئے مربوط اور جامع پالیسی بناکرمستقبل میں لیسکو کے تمام شعبوں کو ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کے تحت چلانے کی بجائے پروفیشنل اور کوالیفائیڈ افسران کی تقرری پراتفاق کیا گیا۔

