25 مخصوص نشستوں پر گورنر کا لیا گیا حلف غیر آئینی تھا، اسپیکر خیبرپختونخوا

پشاور (نامہ نگار) اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ 25 مخصوص نشستوں پر گورنر کی جانب سے لیا گیا حلف غیر آئینی تھا، کل آئین و قانون کے تحت دوبارہ حلف لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ اراکین اسمبلی سے حلف لینا اسپیکر کی آئینی ذمہ داری ہے۔ “میں نے کبھی نہیں کہا کہ حلف نہیں لوں گا، گزشتہ اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی ہوا تھا۔”

انہوں نے کہا کہ گورنر کے غیر قانونی اقدام پر چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا تھا۔ “کل تمام ارکان آئینی طریقۂ کار کے مطابق دوبارہ حلف اٹھائیں گے۔”

بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور تمام اداروں نے مل کر کام کیا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہراول دستے کے طور پر متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور متاثرین کی امداد بھی دگنی کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 20 جولائی 2025 کو خیبرپختونخوا میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان اسمبلی نے گورنر ہاؤس پشاور میں حلف اٹھایا تھا۔ حلف برداری کی تقریب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا تھا۔

اس سے قبل مخصوص نشستوں پر ارکان کی حلف برداری اسمبلی اجلاس میں ہونی تھی، تاہم پی ٹی آئی کے شیر علی آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی جس کے بعد اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کردیا گیا تھا۔ اجلاس ملتوی ہونے سے سینیٹ الیکشن بھی مؤخر ہوگئے تھے۔

بعد ازاں اپوزیشن جماعتوں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر چیف جسٹس ایس ایم عتیق نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے گورنر کو حلف لینے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں