5 جولائی کو پیٹرول پمپس بند کر نے کا اعلان

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ 5 جولائی کو ہم اپنے پیٹرول پمپس بند کر دیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالسمیع خان نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا طریقہ نہیں کہ نقصان میں پمپس چلائے جائیں، ڈبل ٹیکسیشن تو دنیا میں کہیں نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک اہم مسئلے پر وزیر خزانہ سے ملے، ہم پر ایڈوانس ٹیکس کے نام سے 0.5 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے، پہلے سے ہمارا مارجن کم ہے جس کی وجہ سے ہم پریشان ہیں۔

عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ اگر یہ ٹیکس لگایا جائے گا تو ہمارے پمپس بند ہو جائیں گے، ہم نے وزارت خزانہ سے کہا کہ ہمیں دیگر شعبوں کی طرح ڈیل نہ کیا جائے، اگر ہمارا کاروبار ختم ہو گا تو ہم سخت سے سخت قدم اٹھائیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایران سے تیل اسمگل ہو رہا ہے، ہماری سنوائی نہیں ہو رہی، ہم نے ہر ادارے سے رجوع کیا کسی نے بات نہیں سنی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ چاہتے ہیں ایران سے معاہدہ کر لیا جائے اور ایرانی تیل پر ٹیکس لگائیں، اسمگلنگ روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں