57 فیصد ووٹ لینے کے بعدبونی کرومبی کا ’باوقار استعفیٰ‘

اونٹاریو لبرل پارٹی کا سالانہ اجلاس (AGM) اس بار ایک تاریخی موڑ پر ختم ہوگیاہے ۔ بونی کرومبی نے 57 فیصد اعتماد کا ووٹ لے کر قیادت پر اعتماد بحال کیا مگر بعد ازاں غیر متوقع طور پر پارٹی قیادت سے استعفیٰ دے دیا۔ اس اجلاس میں پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت اور فیصلہ کن ووٹوں نے اس کامیابی کو ممکن بنایا، جس نے پارٹی کے سیاسی نقشے پر گہرا اثر چھوڑا۔

ٹورنٹوسے تعلق رکھنے والی بونی کرومبی اونٹاریو کی معروف سیاستدان اور کمیونٹی لیڈر ہیں۔ وہ 2014 میں مسی ساگا کی میئر منتخب ہوئیں اور تین مسلسل مدتوں تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں۔ وہ بزنس اور مارکیٹنگ کے شعبے میں تعلیم یافتہ ہیں اور سیاست میں آنے سے قبل کارپوریٹ اور کاروباری دنیا میں متحرک رہیں۔ 2008 میں وہ وفاقی پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئیں اور مسی ساگا-اسٹریٹس وِل حلقے کی نمائندگی کی۔بطور میئر انہوں نے مسی ساگا میں ٹرانزٹ نظام کی بہتری کیلئے بہت کام کیا، شہر کی معاشی بہتری کیلئے سرمایہ کاری لائی اور کثیرالثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا۔2023 میں وہ اونٹاریو لبرل پارٹی کی رہنما منتخب ہوئیں اور پارٹی کو ایک نئی سمت دینے کی کوشش کی۔

اونٹاریو لبرل پارٹی کا سالانہ اجلاس (AGM)میں پاکستانی کمیونٹی نے اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔تقریباً 400 ڈیلیگیٹس تیار کیے گئے جن میں سے 391 نے بونی کرومبی کے حق میں ووٹ دیا۔کل ووٹ دینے والوں میں پاکستانی کمیونٹی کا حصہ تقریباً 20 فیصد تھا جو نتیجہ بدلنے میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔پنکج سندھو اور سکھونت ٹھیٹھی جیسے اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستانی کمیونٹی نے مضبوط بلاک بنایا جس نے سابق وزراء نودیپ بینس اور نیٹ ارسکن سمتھ کے گروپس کو شکست دی۔

اعتماد کا ووٹ لینے کے باوجود بونی کرومبی نے اعلان کیا کہ وہ پارٹی قیادت سے استعفیٰ دے رہی ہیں تاکہ پارٹی کو نئی سمت دینے کیلئے نئے لیڈر کو موقع دیا جا سکے۔

بونی کرومبی نے کہا’میری سب سے بڑی ترجیح پارٹی کو متحد رکھنا اور اونٹاریو میں لبرلز کو کامیابی کی راہ پر ڈالنا ہے۔‘یہ فیصلہ ان کی سیاسی بصیرت اور قیادت کی قربانی کی علامت سمجھا جا رہا ہے جومستقبل کی سیاست پرگہرااثرچھوڑے گا ۔یہ AGM اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اب صرف ووٹر نہیں بلکہ اونٹاریو لبرل پارٹی کے فیصلوں پر اثرانداز ہونے والی ایک مضبوط سیاسی قوت بن چکی ہے۔ بونی کرومبی کی قیادت اور پاکستانی کمیونٹی کی متفقہ حکمت عملی نے پارٹی میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

بونی کرومبی کی سپورٹ ٹیم میں مظہر شفیق، قیصر ڈار، احسن ضیاء، مرتضی جوئیہ، شہباز چوہدری، صفدر حسین، ابراہیم دانیال، عزیز چوہدری، راشد مختار اور طارق خان جیسے نمایاں رہنماؤں نے کمیونٹی کو متحرک کرنے اور ووٹ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

بونی کرومبی کے ساتھ ایگزیکٹو کونسل کے کامیاب عہدیداران میں کیتھرن صدرمنتخب ہوئیں اسی طرح ڈیوڈ فیرو نائب صدر،پنکج سندھو سیکریٹری،فہیم خان نائب صدر پالیسی،میگن نائب صدر آرگنائزیشن،سکھونت ٹھیٹھی نائب صدر ریجن سینٹرل ویسٹ،ماہنور فاطمہ سیکریٹری وومن ونگ،لائبہ احمد کوآرڈینیٹر،سمیرا ملک نائب صدر ریجن سینٹرل ویسٹ وومن ونگ،صائمہ بابرنائب صدر یارک اور سکاربورو ریجن وومن ونگ،پلوشہ علی صدر ینگ لبرل،شایان حیدر خزانچی ینگ لبرل نشستوں پرکامیاب ہوئے جبکہ نیٹ ارسکن سمتھ کے گروپ کا صرف ایک امیدوار کامیاب ہو پایا۔

اپنا تبصرہ لکھیں