7.3شدت کا زلزلے سے امریکی ریاست الاسکا لرز اُٹھی، سونامی وارننگ واپس

الاسکا (نمائندہ خصوصی+ایجنسیز) امریکی ریاست الاسکا کے علاقے یوگناک میں پیر کی رات کو مقامی وقت کے مطابق 9 بجکر 48 منٹ پر 7.3 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس کے بعد ابتدائی طور پر سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی تاہم بعد ازاں یہ وارننگ واپس لے لی گئی۔

زلزلے کی شدت 7.3 تھی، جو سطح زمین سے 100 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کا مرکز الاسکا کے یوگناک علاقے کے قریب تھا۔ زلزلے کے بعد قریبی علاقوں میں معمولی جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔

امریکی ادارہ برائے جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ زلزلہ الاسکا پینن سولا کے مشرقی علاقے میں آیا اور اس کی گہرائی 100 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے بعد امریکی نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے الاسکا کے کچھ ساحلی علاقوں کیلئے سونامی الرٹ جاری کیا، تاہم چند گھنٹوں بعد خطرے کے نہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے یہ الرٹ واپس لے لیا گیا۔

فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اثرات کا جائزہ لینے کیلئے انسپیکشن ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ریاستی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مصدقہ اطلاعات پر انحصار کریں۔ زلزلے کے جھٹکے اگرچہ شدید نوعیت کے تھے، تاہم خوش قسمتی سے اس کے بڑے نقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں