7 تا 9 ستمبر پنجاب اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کا امکان

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 7 تا 9 ستمبر کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مری، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد اور سرگودھا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اسی طرح جنوبی پنجاب کے اضلاع بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور اور رحیم یار خان کے نشیبی علاقوں میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے پہلے سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں سے صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر شہریوں کو محفوظ انخلاء کے راستے تیار رکھنے، قیمتی سامان اور مویشیوں کو بلند مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید یہ کہ عوام کو خشک خوراک، پانی اور طبی سامان پر مشتمل ہنگامی کٹ تیار رکھنے، زیرِ آب سڑکوں اور پلوں کو عبور کرنے سے گریز اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔

ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ عوام کو ہر ممکنہ خطرے کے پیش نظر محتاط رہنا چاہیے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں