اسلام آباد(نامہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر کے 76 ممالک میں 21 ہزار 406 پاکستانی شہری مختلف الزامات میں قید ہیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب میں ہے۔
اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی کا اجلاس سینیٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزارت سمندر پار پاکستانی کے حکام نے انکشاف کیا کہ اس وقت 76 ممالک میں مجموعی طور پر 21,406 پاکستانی قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
کمیٹی کو دی گئی بریفنگ کے مطابق سعودی عرب میں سب سے زیادہ 10423پاکستانی قید ہیں، جب کہ متحدہ عرب امارات میں 5297پاکستانی مختلف جرائم یا قانونی خلاف ورزیوں کی پاداش میں زیر حراست ہیں۔
ترکی میں 1437اور بھارت میں 738 پاکستانی قید ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ کئی پاکستانی معمولی جرمانہ ادا نہ کرنے کے باعث جیلوں میں ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دنیا کے 14 ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں سے ابھی تک قیدیوں کے متعلق مکمل معلومات موصول نہیں ہو سکیں۔
یاد رہے کہ 19 مئی 2025 کو وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی میں ایک رپورٹ پیش کی تھی جس کے مطابق دنیا بھر میں 23456پاکستانی قید تھے، 12156سعودی عرب، 5000سے زائد متحدہ عرب امارات، چین میں تقریباً 400، بحرین میں 450، افغانستان میں 88، قطر میں 338، عمان میں 309 اور ملائشیا میں 255 پاکستانی قید تھے۔

